خیبرپختونخوا کے علاقے ناران میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں جھیل سیف الملوک روڈ بند ہوگیا تاہم فوری اقدامات کرتے ہوئے 500 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ناران میں کلاؤڈ برسٹ سے جھیل سیف الملوک روڈ بند ہونے پر وہاں موجود سیاح پھنس گئے تاہم خیبرپختونخوا کی انتظامیہ فوری کارروائی کی اور 500 سے زائد سیاحوں کو باحفاظت ریسکیو کرلیا۔
کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ٹورازم پولیس اور ریسکیو کی جانب سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں سیاحوں کی 117 سے زائد جیپوں کے لیے راستہ بحال کردیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے سیکریٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا کہ محکمہ سیاحت صوبے میں سیاحوں کی حفاظت یقینی بنا رہی ہے اور سیاح کسی بھی ایمرجنسی پر سیاحتی ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی بھاری مشینری نے راستے سے ملبہ ہٹا کر روڈ صاف کر دیا ہے۔